Latest News & Article

Post: سندھ کا 3.5 ٹریلین روپے سے زائد کا بجٹ پیش، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 720 ارب روپے مختص

سندھ کا 3.5 ٹریلین روپے سے زائد کا بجٹ پیش، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 720 ارب روپے مختص

راچی: سندھ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے لیے 3.5 ٹریلین روپے سے زائد حجم کا بجٹ سندھ اسمبلی میں پیش کر دیا، جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 720 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ بجٹ کا مقصد صوبے میں بنیادی ڈھانچے، تعلیم، صحت، زراعت، ٹرانسپورٹ اور بلدیاتی خدمات کے شعبوں میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنا ہے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ترقیاتی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ہزاروں جاری اور نئی اسکیموں پر کام کیا جائے گا، جبکہ عوامی فلاح و بہبود، روزگار کے مواقع اور بنیادی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

ترقیاتی پروگرام میں بلدیاتی شعبے کے لیے 107 ارب 54 کروڑ 75 لاکھ 50 ہزار روپے، تعلیم کے لیے 50 ارب 12 کروڑ 15 لاکھ 70 ہزار روپے، صحت کے لیے 38 ارب 88 کروڑ 99 لاکھ 52 ہزار روپے، آبپاشی کے لیے 40 ارب روپے سے زائد، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ کے لیے 43 ارب 64 کروڑ 11 لاکھ 99 ہزار روپے اور زراعت کے لیے 13 ارب 85 کروڑ 94 لاکھ 60 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح کراچی کے میگا پروجیکٹس کے لیے 14 ارب 11 کروڑ 63 لاکھ 11 ہزار روپے جبکہ تھر کول انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے 10 ارب 20 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ حکومت کے مطابق ان منصوبوں سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ، روزگار کے نئے مواقع اور عوامی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ کو عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز کے مؤثر اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ صوبے کے تمام اضلاع یکساں ترقی کے ثمرات حاصل کر سکیں۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn