کراچی میں منشیات کیس میں گرفتار مبینہ ڈرگ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی انمول عرف پنکی کے موبائل فون سے تفتیشی اداروں نے 100 جی بی سے زائد ڈیجیٹل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق موبائل فون کی فرانزک رپورٹ تفتیشی افسر کے حوالے کر دی گئی ہے، جس میں بڑی تعداد میں تصاویر، رابطہ نمبرز، کال ریکارڈ اور دیگر اہم معلومات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق موبائل سے 75 ہزار سے زائد تصاویر اور دیگر فائلیں برآمد ہوئی ہیں، جبکہ فون میں 13 ہزار کانٹیکٹس اور 42 ہزار کال لاگز بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیوائس سے بینک سلپس، آن لائن ٹرانزیکشنز کے اسکرین شاٹس اور مالی معاملات سے متعلق ریکارڈ بھی ملا ہے، جس سے مبینہ نیٹ ورک کے مالی نظام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا کہ انمول ایک ہی موبائل فون میں دو مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کر رہی تھی۔
انمول کو رواں ماہ کراچی کے علاقے گارڈن میں ایک کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق گرفتاری کے وقت مبینہ طور پر اس کے قبضے سے اسلحہ، کوکین اور دیگر منشیات برآمد کی گئی تھیں۔
تاہم ملزمہ نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسے پہلے لاہور میں حراست میں لیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات میں مزید افراد کے نام سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ مالی معاملات اور آن لائن سرگرمیوں کی جانچ کے لیے متعلقہ ادارے بھی تحقیقات میں شامل ہیں۔

