کراچی: کلفٹن کے ساحل پر نایاب نسل کا اولیو رِڈلے سمندری کچھوا مردہ حالت میں پایا گیا ہے۔ اس واقعے نے پاکستان کے ساحلی علاقوں میں سمندری حیات کے تحفظ اور نایاب نسلوں کی بقا سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔
ورلڈ وائیڈ فنڈ فار نیچر (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے تکنیکی مشیر محمد معظم خان کے مطابق، اولیو رِڈلے نسل کے کچھوے ماضی میں پاکستان کے ساحلی علاقوں میں بڑی تعداد میں پائے جاتے تھے، تاہم اب انہوں نے افزائشِ نسل کے لیے کراچی سمیت پاکستانی ساحلوں کا رخ کرنا کم یا چھوڑ دیا ہے۔
محمد معظم خان کا کہنا ہے کہ تقریباً 20 سال قبل اولیو رِڈلے کچھوے پاکستان میں بڑی تعداد میں موجود تھے۔ حالیہ دنوں میں جیوانی کے قریب ماہی گیروں کے جال میں پھنسنے والے اس نسل کے دو کچھووں کو سمندر میں بحفاظت آزاد بھی کیا گیا۔
ان کے مطابق، اولیو رِڈلے کچھوے سمندر میں ہزاروں میل کا سفر طے کرتے ہیں۔ ایک پڑوسی ملک میں جی پی ایس ٹیگ کے ذریعے ایک کچھوے کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ اس نے بحیرۂ عرب عبور کیا اور عمان میں افزائشِ نسل کے لیے قیام کیا۔ انہوں نے پاکستان میں بھی اس نوعیت کی تحقیق کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری جانب، کلفٹن کے ساحل پر کچھوے کی ہلاکت پر فشرمین سجاگ فورم نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ فورم کے چیئرمین محمد بخش جت کے مطابق، کچھوے کی موت کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا ہے کہ سمندر میں پلاسٹک کی تھیلیاں اور دیگر کچرا سمندری حیات کی بقا کے لیے خطرہ ہیں۔
سمندری حیات کے تحفظ کے ساتھ ماہی گیروں کے روزگار کے مواقع برقرار رکھنا بھی ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق، سمندری آلودگی میں کمی، ماہی گیری کے دوران کچھووں کو جال میں پھنسنے سے بچانے اور سائنسی تحقیق کے ذریعے ان کی نقل و حرکت کا جائزہ لینے جیسے اقدامات اہم ہیں۔




