کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو عہدے سے فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وزارت پر برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے حج اور عمرہ ویکسینیشن میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن اور پمز اسپتال میں بچوں کی اموات کے معاملے پر بھی جواب طلب کیا ہے۔

سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ حج و عمرہ ویکسینیشن میں مبینہ کرپشن ایک سنگین معاملہ ہے، جس کا حساب لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پمز اسپتال میں معصوم بچوں کی اموات کا جواب کون دے گا؟ ان کے مطابق پمز کا واقعہ اور ویکسینیشن اسکینڈل وزارتِ صحت کی کارکردگی پر سنگین سوالات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر صحت دوسروں کو نصیحت کرنے کے بجائے اپنی وزارت کی ذمہ داریاں سنبھالیں اور اپنی کارکردگی کا جواب دیں۔ مصطفیٰ کمال اپنی وزارت کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہے ہیں۔

وقار مہدی نے الزام عائد کیا کہ وفاقی وزیر کے بیانات آئین اور وفاقی ہم آہنگی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال کو سندھ کے خلاف بیان بازی بند کرنے اور اپنی وزارت سے متعلق سوالات کا جواب دینے کا مشورہ بھی دیا۔

سینیٹر وقار مہدی نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ مصطفیٰ کمال کی مبینہ نفرت انگیز بیان بازی کا نوٹس لیا جائے اور انہیں وزارت سے ہٹانے میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وفاقی حکومت اپنی نیک نامی برقرار رکھنا چاہتی ہے تو اسے اس معاملے پر فوری فیصلہ کرنا چاہیے۔