پشاور: پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے واقعے پر آغا میر جانی شاہ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعے میں مبینہ طور پر 30 بچے اور ایک خاتون ٹیچر جاں بحق، جبکہ 52 افراد زخمی ہوئے تھے۔
اسکول کی عمارت کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا گیا تھا، جبکہ عمارت خستہ حال اور استعمال کے لیے غیر محفوظ تھی۔ عمارت کی دیواروں اور چھتوں کی خراب حالت کے حوالے سے پہلے بھی شکایات سامنے آئی تھیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق بچوں کی جانب سے عمارت کی حالت پر تحفظات ظاہر کیے جانے کے باوجود اسکول مالکان نے مبینہ طور پر ان شکایات کا ازالہ نہیں کیا۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کی دوسری منزل پر نرسری کلاس روم اور گراؤنڈ فلور کے متعدد کمروں کی چھتیں گر گئی تھیں۔
اسکول 16 مرلے کے پلاٹ پر قائم تھا، جس کی ملکیت وحید اور جاوید کے پاس بتائی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق زمین 2024 میں لیز پر دی گئی تھی، جس کے بعد اسکول کی عمارت تعمیر کی گئی۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں اسکول مالکان، شیئر ہولڈرز اور عمارت تعمیر کرنے والے ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمے میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 148، 322 اور 149 شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔
نجی اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور کے نجی اسکول میں چھت گرنے کے واقعے کے بعد صوبے بھر میں نجی اسکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کرنے کے لیے ضلعی سطح پر کمیٹیاں قائم کردی ہیں۔
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹیاں نجی اسکولوں کی عمارتوں کا موقع پر جا کر جائزہ لیں گی اور تعمیراتی نقائص، حفاظتی خطرات اور دیگر خامیوں کی نشاندہی کریں گی، جو طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔
کمیٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے قیام کے تین دن کے اندر تفصیلی رپورٹس اور ضروری اصلاحی اقدامات سے متعلق سفارشات محکمہ تعلیم کو پیش کریں۔




