قطر سے ایل این جی کی سپلائی بحال نہ ہونے پر گیس کی قلت بڑھنے کا خدشہ، مہنگے اسپاٹ کارگو خریدنے کی تجویز زیر غور ہے۔

مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور بحری راستوں میں رکاوٹوں کے باعث پاکستان کو آئندہ سردیوں میں گیس کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر وزارتِ پیٹرولیم نے ونٹر گیس پلان کی تیاری شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق قطر سے ایل این جی کی فراہمی بحال نہ ہونے کی صورت میں عالمی مارکیٹ سے اسپاٹ کارگو خریدنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ سردیوں میں گیس کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مجموعی طور پر 21 ایل این جی کارگو درکار ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی خریدنے کی قیمت تقریباً 30 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) تک ہو سکتی ہے، جبکہ قطر کے ساتھ طویل المدتی معاہدے کے تحت ایل این جی 13 سے 16 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو میں دستیاب ہوتی ہے۔

وزارتِ پیٹرولیم ونٹر گیس پلان کی منظوری وفاقی حکومت سے حاصل کرے گی، جس کے بعد وفاقی کابینہ کی منظوری سے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

پاکستان سردیوں میں گیس کی قلت کا تقریباً 40 فیصد حصہ ایل این جی کے ذریعے پورا کرتا ہے۔ تاہم قطر سے سپلائی بحال نہ ہونے کی صورت میں مہنگے اسپاٹ کارگو خریدنے سے توانائی کے اخراجات بڑھ سکتے ہیں، جس کا اضافی بوجھ صارفین پر پڑنے کا خدشہ ہے۔