کراچی: شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کا سلسلہ جاری ہے، شہید ملت روڈ کے قریب مسلح ملزمان نے آن لائن بائیک رائیڈر سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور نقدی چھین لی، جس کے بعد متاثرہ رائیڈر سڑک کنارے بیٹھ کر رونے لگا۔

تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے رات گئے رائیڈر کو روکا اور اس کا موبائل فون اور نقدی چھین کر فرار ہوگئے۔

واردات کے بعد متاثرہ رائیڈر سڑک کنارے بیٹھ کر روتا رہا۔ اس کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی وہ دو مرتبہ ڈکیتی کی وارداتوں کا نشانہ بن چکا ہے۔

رائیڈر نے بتایا کہ اس نے صرف دو ماہ قبل 25 ہزار روپے میں موبائل فون خریدا تھا۔ اس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ نیا موبائل فون کیسے خرید سکے گا اور اپنا روزگار کیسے چلائے گا۔

متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ گھر سے محنت مزدوری کرنے اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے نکلتا ہے۔ اس نے حکام سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق واقعے کا تاحال کوئی باضابطہ مقدمہ درج نہیں کرایا گیا، تاہم واردات کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ اور اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈر پر حملہ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو بدر کمرشل کے علاقے میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا، جبکہ اس کی گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم گرفتاری سے قبل دوسرے شہر فرار ہونے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ واقعہ ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کے درمیان معمولی تصادم کے بعد پیش آیا تھا، جس پر گاڑی کے ڈرائیور نے مبینہ طور پر غصے میں آکر ہاکی سے رائیڈر کی موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا اور اسے دھمکیاں دیں۔