کراچی: آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ حکمرانوں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہر روز پاکستانی عوام پر ڈیزل اور پٹرول بم گرایا جا رہا ہے، جس کے باعث لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نہیں چاہتے کہ روزانہ کی بنیاد پر کرایوں میں اضافے کا اعلان کرنا پڑے۔ وزیرِ پٹرولیم ہوش کے ناخن لیں، ان کی پالیسی حکومت کو لے ڈوبے گی۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیرِ پٹرولیم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا، تاہم اس وعدے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 18 روز میں ڈیزل کی قیمت میں 23 روپے فی لیٹر جبکہ پٹرول کی قیمت میں 25 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ٹرانسپورٹرز سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق چند مطالبات تسلیم کیے گئے ہیں اور ان پر عملدرآمد بھی جاری ہے، تاہم بیشتر مطالبات تاحال التوا کا شکار ہیں۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مؤثر ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔ دسمبر اور اگست کی ملک گیر ہڑتالوں کے دوران کیے گئے وعدوں پر بھی فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت چاہتی ہے کہ ہمارے فیصلے سڑکوں پر ہوں تو ہم اس کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ سے صرف ٹرانسپورٹرز ہی متاثر نہیں ہوتے بلکہ ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی براہِ راست متاثر ہوتی ہیں۔




