یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر تاجر رہنما فیضان راوت کی سربراہی میں کراچی میں عظیم الشان دفاعِ پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں تاجر برادری، نوجوانوں، خواتین، بزرگوں اور بچوں سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان سے اپنی والہانہ محبت اور قومی یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے کراچی کی فضا گونج اٹھی، جبکہ شرکاء نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنما فیضان راوت نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک کی خاطر تن، من اور دھن قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو پوری قوم متحد ہو کر جواب دے گی۔ ملک کی سلامتی کے لیے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
فیضان راوت نے کہا کہ آج کراچی کے نوجوانوں نے ثابت کر دیا ہے کہ جب معاملہ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کا ہو تو تمام اختلافات پسِ پشت ڈال کر قوم ایک پرچم تلے متحد ہو جاتی ہے۔ کراچی کے نوجوانوں کا اتحاد، جوش اور جذبہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے دفاع اور استحکام کے لیے قوم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔




