کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں لسانیت کی بنیاد پر ووٹ لینے کا تاثر بتدریج ختم ہوتا جا رہا ہے اور اب شہری کارکردگی، نظریات اور سوچ کی بنیاد پر اپنے نمائندوں کا انتخاب کر رہے ہیں۔

یو سی 8 کورنگی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع وسطی اور کورنگی میں بے تحاشا ترقیاتی کام کرائے گئے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کا حل ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ سیاسی شعور میں تبدیلی آ رہی ہے اور لوگ اب صرف لسانی بنیادوں پر ووٹ دینے کے بجائے اپنے نمائندوں کی کارکردگی، نظریات اور سوچ کو بھی مدنظر رکھتے ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما کے مطابق کراچی میں سیاست کا محور اب عوامی مسائل، ترقیاتی کام اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی بننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنی چاہیے اور شہریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی رائے کا اظہار کارکردگی اور اپنے مستقبل کو سامنے رکھتے ہوئے کریں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام میں سیاسی شعور بڑھ رہا ہے اور آنے والے وقت میں کارکردگی کی بنیاد پر سیاست مزید مضبوط ہوگی۔