کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور سندھ اسمبلی کے رکن آصف موسیٰ نے میر رضا کے واقعے پر ان کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پیپلز پارٹی متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
آصف موسیٰ نے کہا کہ میر رضا کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور امید ہے کہ تفتیش کے ذریعے تمام حقائق جلد سامنے آ جائیں گے۔ ان کے مطابق سندھ کے ہوم منسٹر اور آئی جی سندھ بھی معاملے کو دیکھ رہے ہیں، جبکہ کوشش ہے کہ مکمل طور پر شفاف انکوائری کی جائے تاکہ اہلخانہ کو انصاف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ میر رضا کے اہلخانہ کے دکھ اور تکلیف کا احساس ہے اور ایسے واقعات ہر انسان کے لیے باعثِ تشویش ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد رپورٹ کی روشنی میں تفتیش کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
اس موقع پر صائمہ آغا نے بھی میر رضا کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی شخص اس واقعے میں ملوث پایا گیا، اسے قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
صائمہ آغا کے مطابق میر رضا کے والد سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے اور پیپلز پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں اہلخانہ کے ساتھ ہر موڑ پر موجود ہے۔
حکام اور پیپلز پارٹی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تحقیقات کو شفاف انداز میں آگے بڑھایا جائے گا اور حقائق سامنے آنے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔




