کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ میر رضا کیس میں سندھ حکومت کی کوئی بدنیتی نہیں، پولیس سرجن کے تحفظات سامنے آنے کے بعد نئی میڈیکل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ وہ کسی کی ساکھ پر سوال نہیں اٹھا رہے، تاہم پولیس سرجن نے نہ پوسٹ مارٹم رپورٹ دیکھی اور نہ ہی ڈیڈ باڈی کا معائنہ کیا، اس کے باوجود بیان دے دیا۔

صوبائی وزیر داخلہ کے مطابق نئے میڈیکل بورڈ میں کراچی سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز بھی شامل ہیں، جبکہ میڈیکل بورڈ کا کنوینر پولیس سرجن کراچی کو ہی مقرر کیا گیا ہے۔

ضیا الحسن لنجار نے بتایا کہ عدالت نے سیکریٹری صحت اور پولیس سرجن کو میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جس میڈیکل بورڈ پر میر رضا کے والدین کو اعتماد ہوگا، وہی بورڈ تحقیقات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ کی حقیقت کچھ بھی ہو، اس کی مکمل تحقیقات ہونا ضروری ہیں اور سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا مقصد کسی کو تحفظ دینا نہیں بلکہ میر رضا کیس کی شفاف تحقیقات اور حقائق سامنے لانا ہے۔