اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ مری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے کہا ہے کہ آج کشمیر کے عوام اپنا فیصلہ سنائیں گے اور جمہوریت میں آخری فیصلہ ہمیشہ عوام کے ووٹ کا ہوتا ہے۔
اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ میرپور میں تیر عوام کی امید کی علامت بن چکا ہے اور مخالفین کے کیمپوں میں سناٹا چھایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ہتھکنڈوں سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹ سے جیتے جاتے ہیں، جبکہ جنہیں ہتھکنڈوں کی عادت ہو، وہ عوام کے فیصلے کو قبول نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا ووٹ ہر سازش پر بھاری پڑے گا اور تیر کا مقابلہ صرف عوام کی عدالت میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیلٹ کی طاقت ہر قسم کے پروپیگنڈے سے بڑی ہے اور عوام کی طاقت کے سامنے ہر سازش ناکام ہو جائے گی۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ جو جماعت عوام سے دور ہو جاتی ہے، وہ انتخابات بھی ہار جاتی ہے۔ ان کے مطابق کشمیر کا فیصلہ صرف کشمیری عوام کریں گے اور یہی پاکستان پیپلز پارٹی کا واضح مؤقف ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیغام بھی یہی ہے کہ کشمیر کے عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے گا اور پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی طاقت اور جمہوری فیصلوں پر یقین رکھتی ہے۔
شازیہ مری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر کے عوام کا ووٹ ہی اصل فیصلہ سنائے گا اور پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ کے احترام کی اپنی پالیسی پر قائم رہے گی۔




