کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی فیاض احمد بٹ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی (NICVD) ایک ایسا ادارہ ہے جہاں غریب اور مستحق افراد کو دل کے امراض کا مفت اور معیاری علاج فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دل کے ایک مریض کے علاج پر کم از کم ایک لاکھ روپے خرچ ہوتے ہیں، لیکن سندھ حکومت کی پالیسی کے تحت مریضوں کو یہ سہولت بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق دل کے امراض کے علاج اور سہولیات کے حوالے سے سندھ کا نظام ملک بھر میں منفرد ہے اور ایسی سہولیات پاکستان کے کسی اور صوبے میں اس سطح پر موجود نہیں ہیں۔
فیاض احمد بٹ نے بجلی کے شعبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی چوری کرنے والے عناصر کا بوجھ غریب عوام پر ڈالا جاتا ہے اور اضافی بل عام صارفین کو بھیجے جاتے ہیں، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے گیس کے مسئلے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ملک کی تقریباً 70 فیصد گیس پیدا کرتا ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ گیس پیدا کرنے والے صوبے کے کئی علاقوں میں آج بھی گیس کی فراہمی کے مسائل موجود ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے وسائل پر صوبے کے آئینی حقوق کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق فراہم کیے جائیں۔
Category:Latest




