کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ایم کیو ایم کی رکن فرح سہیل نے کہا کہ گزشتہ اٹھارہ برسوں سے صوبے میں ایک ہی حکومت برسراقتدار ہے اور ہر سال بجٹ میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، تاہم عوامی مسائل میں خاطر خواہ کمی نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ دو دہائیوں سے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کا بجٹ پیش کر رہی ہے، لیکن اب عوام حکومتی کارکردگی کا حساب مانگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتے جا رہے ہیں۔

فرح سہیل نے کہا کہ سندھ میں تعلیم کا بجٹ 620 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، مگر تعلیمی شعبے کو درپیش مسائل بدستور موجود ہیں۔ ان کے مطابق لاکھوں بچے اب بھی اسکولوں سے باہر ہیں اور تعداد 40 لاکھ سے بڑھ کر 80 لاکھ تک پہنچنے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اٹھارہ سال کے دوران بجٹ میں مسلسل اضافہ ہوا، لیکن عوامی سہولیات اور خدمات میں اسی تناسب سے بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے ریڈ لائن، ییلو لائن اور کراچی سرکلر ریلوے جیسے منصوبوں کو شہریوں کی امیدیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری ہے۔

ایم کیو ایم کی رکن کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے نمائندے حکومت کی خامیوں کی نشاندہی کر رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ فیصلے صرف اکثریت کی بنیاد پر نہیں بلکہ مشاورت، شفافیت اور احتساب کے ذریعے بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔