کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن زبیر جونیجو نے ضلع دادو اور تحصیل خیرپور ناتھن شاہ کے عوامی مسائل پر توجہ دلاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ خیرپور ناتھن شاہ کو فوری طور پر ایمبولنس فراہم کی جائے، کیونکہ علاقے کے عوام کو صحت کی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث متعدد اسکول متاثر ہوئے اور زیرِ آب آگئے تھے، لہٰذا متاثرہ تعلیمی اداروں کی تعمیر و بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

زبیر جونیجو نے مزید مطالبہ کیا کہ علاقے کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کو ترجیح دی جائے، جبکہ فرید آباد ڈگری کالج کا نامکمل منصوبہ فوری طور پر مکمل کرکے طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے آبپاشی کے نظام کی بہتری کے لیے نہروں کی اسٹون پچنگ کرانے اور ایم این وی ڈرین میں جاری تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا تاکہ علاقے میں نکاسیٔ آب اور زرعی سرگرمیوں کو درپیش مسائل کا حل ممکن بنایا جا سکے۔