کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن خرم کریم سومرو نے بجٹ پر بحث کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بلا تفریق 90 ہزار اساتذہ بھرتی کیے ہیں، جو تعلیم کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پیپلز پارٹی کو صرف سندھ تک محدود جماعت قرار دیتے ہیں، وہ دیگر صوبوں خصوصاً گلگت بلتستان میں بھی جماعت کی موجودگی اور عوامی حمایت کو دیکھیں۔

خرم کریم سومرو نے بتایا کہ ٹنڈو محمد خان میں پہلی بار نرسنگ کالج قائم کیا جا رہا ہے، جو صحت اور طبی تعلیم کے شعبے میں اہم اضافہ ثابت ہوگا۔

اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بعض لوگ "گٹکے کی سیاست" کر رہے ہیں، جبکہ کراچی میں ماضی کی گولیوں اور تشدد کی سیاست کا خاتمہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ایسے عناصر کے "دھندے بند" کر دیے ہیں جو ماضی میں شہر کے حالات خراب کرنے میں ملوث تھے۔

خرم کریم سومرو نے کہا کہ کراچی سندھ کا دل ہے اور سندھ کا ایک بچہ بھی زندہ ہے تو کراچی کی ایک گلی بھی سندھ سے الگ نہیں ہونے دی جائے گی۔

انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جماعتوں میں جمہوری روایات کو فروغ دیں اور انٹرا پارٹی انتخابات کرائیں تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ جماعتی فیصلے کس کی قیادت میں کیے جا رہے ہیں