loader image

Latest News & Article

Post: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی چیمبر میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کی تقریب سے خطاب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کراچی چیمبر میں سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کی تقریب سے خطاب

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گل پلازہ کا سانحہ دل دہلا دینے والا ہے جس پر انہیں بے حد دکھ ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سندھ نے متاثرین کی ہر صورت بحالی کا عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت ہے کہ متاثرین کے دکھ میں شریک ہو کر انہیں اپنے پیروں پر کھڑا کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق سانحے میں لوگوں نے اپنے پیارے کھوئے اور ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا، اس لیے سندھ حکومت آگے بڑھ کر متاثرین کو سہارا دے رہی ہے۔ مراد علی شاہ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چیمبر دکانداروں کے نقصانات کا جائزہ لے کر حکومت کو آگاہ کر رہا ہے۔ ان کے مطابق کراچی چیمبر کی ویریفکیشن کا عمل کل تک مکمل ہو جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکنگ پلازہ، نیو جامعہ مارکیٹ اور رائل مارکیٹ (کورنگی روڈ) میں متاثرہ دکانداروں کو آباد کیا جا رہا ہے۔ اس ضمن میں کمشنر کراچی سے دکانداروں کی تصدیق شدہ فہرست طلب کر لی گئی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تصدیق شدہ فہرست منظور کر کے پانچ دن سے پہلے فنڈز جاری کیے جائیں گے اور معاوضے کے چیک بھی پانچ دن میں متاثرین تک پہنچ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی پانچ، پانچ لاکھ روپے کے چیکس اور شہداء کے اہلِ خانہ کی کفالت کے چیکس پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں۔ فائر سیفٹی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی میں 200 فائر ٹینڈر ہونے چاہئیں مگر تعداد کم ہے، تاہم ایک سال کے اندر 200 فائر ٹینڈر کا بندوبست کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے تاجر برادری پر زور دیا کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری نبھائے اور کاروباری مقامات کو محفوظ بنائے۔ مراد علی شاہ نے یہ بھی ہدایت کی کہ گل پلازہ میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کا خاص خیال رکھا جائے اور آخر میں انہوں نے گل پلازہ کی ازسرِنو تعمیر کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے متاثرین میں معاوضے کے چیک بھی تقسیم کیے۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn