لاہور: پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں حیدرآباد کنگز مین کو شکست دے کر پشاور زلمی نوسال بعد دوسری بار پی ایس ایل کی چیمپئن بن گئی۔ لاہور میں ہاؤس فل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پشاورزلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم حیدرآباد کنگزمین کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم 18 اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
صائم ایوب 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورررہے۔ کپتان مارنوس لبوشین 20 ، حسان خان 12اور معاذ صداقت نے 11 رنز بنائے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی 27 رنز کے عوض 4 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولررہے، ناہید رانا نے 22 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ابتدا میں پشاور زلمی کو مشکلات کا سامنا رہا ، کپتان بابر اعظم صفر پرآؤٹ ہوئے، حارث نے 6 اورکوشال مینڈس نے 9 رنز بنائے۔بریسویل بھی 4 رنزبناسکے۔ 40 پر چاروکٹیں گنوانے کے بعد ایرون ہارڈی نے 56 اور عبدالصمد نے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلوادی ۔ پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پرحاصل کرلیا۔
حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ قذافی اسٹیڈیم میں ہاؤس فل رہا، ٹاس سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوئی جس میں ملک کے نامور گلوکاروں عاطف اسلم ، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ پی ایس ایل 11 کے فائنل میں 32 ہزار 461 افراد نے اسٹیڈیم میں میچ دیکھا جو کہ پی ایس ایل کی اب تک کی تاریخ میں کسی بھی میچ میں تماشائیوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

