کراچی: کورنگی میں منعقدہ جشنِ بہاراں 2026 اور فلاور شو کی رنگا رنگ تقریبات میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جہاں پھولوں کی نمائش، خوبصورت سجاوٹ اور ثقافتی سرگرمیوں نے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔ تقریب میں ترجمان حکومت سندھ سیدہ تحسین عابدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے تحت شہر ترقی اور جدیدیت کی نئی سمت پر گامزن ہے اور حکومت عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچ رہے ہیں اور عوامی خدمت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے چیئرمین کورنگی محمد نعیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع میں شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے، جو مقامی انتظامیہ اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرسبز، خوبصورت اور متحرک شہر اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہوتا ہے اور حکومت سندھ عوامی فلاح، شہری خوبصورتی اور پائیدار ترقی کے مشن پر کاربند ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں شہری ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے اور مستقبل میں مزید مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔


