پاک بحریہ، پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی (PMSA)، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) اور انسدادِ منشیات فورس (ANF) نے مشترکہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سمندر میں اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ پاکستان میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کے مطابق انٹیلیجنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے ایک اسٹیٹ لیس (بغیر رجسٹریشن) کشتی کو روکا گیا اور اس کی تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران کشتی سے 1300 کلوگرام سے زائد چرس اور غیر قانونی شراب برآمد کر لی گئی۔ حکام کے مطابق برآمد ہونے والی منشیات کی مالیت 20 ارب روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے، جو ممکنہ طور پر بیرونِ ملک اسمگل کی جانی تھی۔ بروقت کارروائی سے نہ صرف بڑی مقدار میں منشیات ضبط کی گئی بلکہ بین الاقوامی سطح پر اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ضبط شدہ منشیات اور دیگر سامان مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اے این ایف سندھ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکورٹی اداروں نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی سمندری حدود میں منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔


