صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز سندھ علی حسن زرداری نے ڈسٹرکٹ جیل ملیر کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جیل کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے ملیر جیل ایکسٹینشن کے جاری ترقیاتی کام کا بھی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام مقررہ مدت میں اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے، تاکہ قیدیوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے ورثاء سے بھی ملاقات کی اور انہیں درپیش مسائل کی تفصیلات معلوم کیں۔ صوبائی وزیر نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ قیدیوں کے اہلِ خانہ کو سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے جیل کے کچن، بیرکس اور دیگر حصوں کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے خوراک کے معیار، صفائی کی صورتحال اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومتِ سندھ جیلوں میں اصلاحات اور سہولیات کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے واضح کیا کہ قیدیوں کو قانونی اور انسانی حقوق کے مطابق سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


