سانحہ گل پلازہ سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کے لیے قائم جوڈیشل کمیشن کا پہلا اجلاس جسٹس آغا فیصل کی سربراہی میں منعقد ہوا، جس میں کمشنر کراچی اور سیکریٹری قانون و داخلہ نے شرکت کی۔ جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات کے آغاز کے ساتھ ہی پبلک نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عام شہریوں سے سانحہ گل پلازہ سے متعلق شواہد، معلومات اور حقائق طلب کیے گئے ہیں۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ کسی بھی شہری کے پاس واقعے سے متعلق اہم معلومات ہوں تو وہ کمیشن سے رابطہ کر سکتا ہے۔ کمیشن نے پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ پبلک نوٹس کو اخبارات میں شائع کروایا جائے، جس میں کمیشن کے ٹی او آرز بھی شامل ہوں گے۔ پبلک نوٹس کے مطابق سانحہ سے متعلق معلومات رکھنے والے افراد ای میل کے ذریعے 20 فروری سے قبل کمیشن سے رجوع کر سکتے ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کا ای میل ایڈریس: gpi-coi@shc.gov.com ادھر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت نے جوڈیشل کمیشن کے لیے سیکریٹریٹ فراہم کر دیا ہے، جو سندھ ہائیکورٹ میں قائم کیا گیا ہے۔ کمیشن کے سربراہ جسٹس آغا فیصل نے کمشنر کراچی کو کمیشن اسٹاف نوٹیفائی کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے، جس میں رجسٹرار کمیشن، فوکل پرسن اور ماہرین شامل ہوں گے۔


