کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران ایم کیو ایم پاکستان کی رکن اسمبلی سکندر خاتون نے حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اپنی تقریر کے آغاز میں ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ شاہ فیصل کالونی کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل ایوان میں پیش کر رہی ہیں۔
سکندر خاتون نے کہا کہ تعلیم کے شعبے کے لیے ہر سال خطیر رقم مختص کی جاتی ہے، تاہم ضروری ہے کہ ان فنڈز کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے اور بجٹ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے تاکہ تعلیمی نظام میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔
انہوں نے صحت کے شعبے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ فیصل کالونی کے سرکاری اسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور شہری مناسب طبی سہولیات سے محروم ہیں۔ ان کے مطابق صحت کے شعبے میں مختص فنڈز کے نتائج عوام کو نظر آنے چاہئیں۔
ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے کہا کہ شاہ فیصل کالونی بنیادی شہری سہولیات کی کمی کے باعث کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں انفراسٹرکچر، صفائی ستھرائی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن اور بدانتظامی کے باعث ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ پا رہے، لہٰذا شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔

