کراچی: سندھ اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی سرفراز شاہ نے صوبے میں پانی کی قلت کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو اپنے حصے کا پانی نہیں مل رہا، جس کے باعث عوام اور زراعت دونوں شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کی کمی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ صوبے کے شہری اور دیہی علاقوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
سرفراز شاہ نے صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نوشہرو فیروز کے ضلعی اسپتال کو مزید طبی سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ مریضوں کو بہتر علاج معالجے کی سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے کنڈیارو اسپتال کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا اور مقامی سطح پر علاج کی بہتر سہولیات دستیاب ہوں گی۔
سرفراز شاہ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پانی اور صحت جیسے بنیادی مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ دی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے

