کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی حسن علی شاہ نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ میں اگرچہ نئی اسکیموں کی تعداد محدود رکھی گئی ہے، تاہم عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم اور ضروری منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوشہرو فیروز میں عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے این آئی سی وی ڈی کا یونٹ قائم کیا جانا چاہیے تاکہ دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بڑے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
حسن علی شاہ نے یاد دہانی کرائی کہ علاقے میں اسپورٹس گراؤنڈ کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا، جسے عملی شکل دی جانی چاہیے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے اس بجٹ میں کراچی کو خصوصی اہمیت دی ہے اور شہر کے لیے متعدد ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں کئی بڑے منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیے جا رہے ہیں، جو ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
رکن اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے کامیاب ماڈل کو صرف کراچی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ دیہی سندھ میں بھی اسی طرز پر ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں بھی ترقی کا عمل تیز ہو سکے۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بجٹ میں شامل منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد سے عوام کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور صوبے میں ترقی کا عمل مزید مضبوط ہوگا۔

