Latest News & Article

Post: مشکل حالات میں بجٹ پیش کیا گیا، کراچی میں سندھ کے دیگر علاقوں سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں: سید اعجاز شاہ

مشکل حالات میں بجٹ پیش کیا گیا، کراچی میں سندھ کے دیگر علاقوں سے زیادہ ترقیاتی کام ہوئے ہیں: سید اعجاز شاہ

کراچی: سندھ اسمبلی میں بجٹ 2026-27 پر بحث کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن سید اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مشکل معاشی حالات کے باوجود متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، جس میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں، اتنے شاید سندھ کے کسی اور علاقے میں نہیں ہوئے۔ ان کے مطابق شاہراہِ بھٹو ایک تاریخی منصوبہ ہے، جو کراچی کے انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ نظام میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔
سید اعجاز شاہ نے صحت کے شعبے میں سندھ حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی نہ صرف سندھ بلکہ پورے ملک کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو محمد خان میں قائم این آئی سی وی ڈی مرکز میں بلوچستان اور پنجاب سے بھی مریض علاج کے لیے آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا اہم حصہ ہے اور صوبے کی ترقی ملک کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ موجودہ قومی حالات میں تمام صوبوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔
رکن اسمبلی نے سندھ میں پانی کی شدید قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی علاقوں میں پینے کے لیے پانی دستیاب نہیں جبکہ مویشی بھی پانی کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پانی کے بحران کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
تعلیم کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کئی سرکاری اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہیں، جن کے گرنے سے بچوں کے زخمی ہونے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ انہوں نے اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔
سید اعجاز شاہ نے ٹنڈو محمد خان کے ضلعی اسپتال کے لیے مزید بجٹ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتال میں روزانہ تین سے چار ہزار مریض علاج کے لیے آتے ہیں، اس لیے طبی سہولیات اور وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn