وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور معاشی بہتری کے لیے وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر تعاون اور رابطہ ضروری ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی، جس میں قومی امور، وفاقی بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مضبوط تعاون سے ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل ہوں گے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ قومی ترقی کے لیے اہم ہے۔
ملاقات میں سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور تعاون مزید بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی۔
بلاول بھٹو نے گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے عمل میں وزیراعظم کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خطے میں امن کے لیے سفارتی کوششوں کو بھی سراہا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے۔

