گھانا کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ولیم اگیپونگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، جس میں مشترکہ تربیت، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
گھانا کے اعلیٰ دفاعی عہدیدار نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار کو سراہا۔
بعد ازاں گھانا کے نیشنل سیکیورٹی کوآرڈینیٹر عبدالرزاق عثمان نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے بھی ملاقات کی۔
اس سے قبل جی ایچ کیو پہنچنے پر گھانا کے وفد کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

