loader image

Latest News & Article

Post: جنگ بندی برقرار رہنا ضروری ہے، پاکستان رابطہ کاری میں کردار ادا کرتا رہے گا،نائب وزیراعظم

جنگ بندی برقرار رہنا ضروری ہے، پاکستان رابطہ کاری میں کردار ادا کرتا رہے گا،نائب وزیراعظم

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان مذاکرات کے بے نتیجہ ختم ہونے پر نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے فریقین سے جنگ بندی کو برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے ۔ ہم امید کرتے ہیں کہ دونوں جانب سے اسی مثبت جذبے کے ساتھ پیش رفت جاری رہے گی تاکہ پورے خطے اور اس سے آگے پائیدار امن اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔ پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان مکالمے اور رابطے کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

اسلام آباد میں امریکی نائب صدر کی پریس بریفنگ کے بعد نائب وزیراعظم نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دونوں فریقین کے درمیان کئی مراحل پر مشتمل سنجیدہ تعمیری مذاکرات میں ثالثی کا کردارادا کیا ۔ مذاکرات گزشتہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے اورآج صبح اپنے اختتام کو پہنچے۔ امریکا کے وفد کی قیادت امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے تھے جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے تھے ۔ نائب وزیاعظم کا مزید کہنا تھا یہ نہایت ضروری ہے کہ فریقین جنگ بندی کے عزم پرقائم رہیں، پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان روابط اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

نائب وزیراعظم نے ایران اورامریکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے وزیراعظم شہباز شریف کی خطے میں فوری جنگ بندی کی اپیل پر مثبت ردعمل دیا اوراسلام آباد میں امن مذاکرات کی دعوت قبول کی ۔ فریقین نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا اورقدرکی ، امید ہے دونوں فریق مثبت رویہ برقراررکھیں گے ۔ خطے میں پائیدارامن اور خوشحالی کے لیے آگے بڑھیں گے۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn