اسلام آباد: ایران سے جنگ بندی کے جامع مذاکرات کے لیے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔ وفد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اورداماد جیرڈ کشنر شامل ہیں۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکی نائب صدر کا استقبال کیا۔
جے ڈی وینس اپنے مخصوص سی 32 اے طیارے میں اسلام آباد پہنچے ، امریکی نائب صدر خود طیارے میں سوار ہوں تو طیارے کا کال سائن “ائیر فورس 2” ہوتا ہے مگر اسلام آباد کے سفر کیلئے طیارے کا کال سائن ‘SAM095’ رکھا گیا۔ یہ خصوصی طیارہ مشرق وسطیٰ ممالک کی فضا کو نظر انداز کرکے طویل راستہ اختیار کرتے ہوئے چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ جے ڈی وینس کا طیارہ 10 بجے چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، ائیر فورس کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا ۔ خصوصی طیارے نے صبح 10 بج کر 33 منٹ پر اسلام آباد کی نورخان ائیر بیس پر لینڈ کیا۔ اس سے قبل میری لینڈ سے روانگی کے بعد طیارے نے پیرس میں ڈھائی گھنٹے اسٹاپ اوور کیا۔
روانگی سے قبل میڈیا سے میری لینڈ میں مختصر گفتگو میں نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران پر بات چیت کرنے کا منتظر ہوں یقین ہےایران کےساتھ مذاکرات مثبت رہیں گے۔ صدر ٹرمپ کی گائیڈ لائنز کے تحت مذاکرات میں حصہ لینے جا رہا ہوں اگر ایران نیک نیتی سے مذاکرات کرتا ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔ تعمیری گفتگو کے خواہاں ہیں امید ہے مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔


