اسلام آباد : پاکستان کا دارالحکومت اسلام آباد آج دنیا کی توجہ کا محوربنا ہوا ہے،جہاں پاکستان کی ثالثی میں آج ایران اور امریکی وفود کے درمیان جنگ بندی پر مذاکرات ہونے جارہے ہیں ۔
ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا مذاکراتی وفد ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف کی قیادت میں پاکستان پہنچ گیا۔دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شامل ہیں۔ ایرانی وفد کا استقبال نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹراسحاق ڈاراورچیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا،اس موقع پراسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اوروزیرداخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم نے رپورٹ کیا ہے کہ تہران کے اسلام آباد آنے والے وفد میں کُل 71 افراد شامل ہیں ، جن میں مرکزی مذاکراتی ٹیم، ماہر مشیران، میڈیا نمائندگان، اور سفارتی و سیکیورٹی ٹیمیں شامل ہیں۔ مذاکراتی ٹیم کی قیادت ایران کے اسپیکر باقر قالیباف کررہے ہیں ۔ تسنیم کے مطابق دیگرمذاکرات کاروں میں وزیر خارجہ عباس عراقچی، مرکزی بینک کے گورنرعبدالناصر ہمتی، سپریم نیشنل ڈیفنس کونسل کے سیکرٹری علی اکبر احمدیان، نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی اور ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی شامل ہیں۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مذاکرات میں شریک تمام فریقین مثبت اور تعمیری انداز میں بات چیت کریں گے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان تنازع کے پائیدار اور دیرپا حل کے لیے فریقین کے درمیان سہولت کاری کا کردار جاری رکھے گا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق وفد میں ایران کے وزیر خارجہ، دفاعی کونسل کے سیکرٹری، مرکزی بینک کے گورنر اور پارلیمنٹ کے متعدد ارکان شامل ہیں۔


