کراچی: صوبہ سندھ کے 16 اضلاع کی 45 مختلف خالی نشستوں پرضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق حیدرآباد، سکھر، ٹنڈوالہیار، جامشورو، مٹیاری، دادو، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، گھوٹکی، خیرپور، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، جیکب آباد، کشمور اور شکارپورمیں ضمنی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائیگا ۔ شیڈول کے مطابق 2 اپریل 2026 کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے اور 6 سے 8 اپریل 2026 تک کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔
13 سے 15 اپریل 2026 تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، 16 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی، جبکہ 30 اپریل 2026 تک امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، تاہم 4 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست شایع کی جائیگی اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کیئے جائیں گے جبکہ شیڈول کے مطابق 17 مئی 2026 کو پولنگ ہوگی۔


