اسلام آباد : وزیراعظم کی زیرصدارت خلیجی بحران کے پٹرولیم مصنوعات پراثر، پاکستان میں موجودہ ذخائراورعوامی ریلیف کے اقدامات پرجائزہ اجلاس ہوا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمزوراورمتوسط طبقے کے لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہیں ۔ مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پرکمزورطبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔
اجلاس کے شرکا کو ایندھن کی بچت کیلئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد، آئندہ کے لائحہ عمل پر تجاویزاورموجودہ اسٹاک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ ایندھن کی بچت کے اقدامات پرعملدرآمد اورسادگی مہم پر پیش رفت پر انٹیلی جنس بیورو کی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کی گئی ۔ شرکا کو بتایا گیا کہ بچت مہم کے اقدامات پرعمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے ایندھن کے مناسب ذخائرموجود اورآئندہ کیلئے بھی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ہائی آکٹین ایندھن پرلیوی میں اضافے سے جیٹ فیول کی قیمتوں میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اخراجات میں کمی، ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی اور60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو فی الفور بند کیا، کمزور اور متوسط طبقے کے لوگوں کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں معاشی طور پر کمزور طبقے کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ڈیجیٹل نظام کو بروئے کارلاتے ہوئے عوامی ریلیف کے اقدامات عام آدمی تک پہنچائیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں مشکل صورتحال سے نمٹنے کےلیے آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کی گئیں،،جبکہ اجلاس کے شرکا کو بتایا گیا کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ادویات کا بھی وافر ذخیرہ موجود ہے۔


