نوڈیرو: عید کے تیسرے روز بھٹو ہاؤس نوڈیرو میں اہم ترین ملاقاتوں کا مرکز بنا رہا ۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی ۔ چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، فریال تالپور اور ناصر حسین بھی موجود تھے ۔
وفاقی وزرا نے ملک میں امن و امان، معاشی صورتحال، توانائی کے شعبے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات پر پی پی قیادت کو اعتماد میں لیا ۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی سلامتی کی صورتحال، پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز سے آگاہ کیا ۔ صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے ۔ عام آدمی پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے۔

بھٹو خاندان کے دیرینہ مخالف سابق وزیراعلیٰ ممتاز بھٹو کے صاحبزادے امیر بخش بھٹو نے صدر مملکت آصف زرداری ، بلاول بھٹو زرداری ، فریال تالپور سے بھٹو ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات سے صوبے میں دونوں خاندانوں کے درمیان سیاسی مفاہمت کی نئی راہیں ہموار ہوئی ہیں ۔


