کراچی: ملک کے طول وعرض میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے اورقومی یکجہتی کےساتھ منایا جارہا ہے۔ قومی دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ فضائوں میں تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجے ۔ مساجد میں ملکی سلامتی اورامن کےلیےخصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔
کراچی میں مزارقائد اعظم محمد علی جناح پرگورنر سندھ نہال ہاشمی،وزیراعلی مراد علی شاہ اور اراکین صوبائی کابینہ نے حاضری دی ۔ فاتحہ خوانی کی ، پھول چڑھائے ۔ پاک بحریہ کے کیڈٹس کے سلامی پیش کی ۔ دونوں شخصیات نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے ۔
لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی پُروقارتقریب ہوئی۔ پاک فضائیہ اورستلج رینجرزکے دستوں نے سلامی دی ۔ پاک فضائیہ کےچاق وچوبند دستےنےگارڈزکےفرائض سنبھال لیے۔تقریب کےمہمان خصوصی ایئروائس مارشل محمد شاہد افضال نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنےتاثرات درج کیے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم نے اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابل تسخیر بنایا۔ جوہری صلاحیت حاصل کی، دہشت گردی کےخلاف طویل جنگ لڑی۔معرکہ حق کے دوران دشمن کو ہمیشہ یاد رہنے والا سبق سکھایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمارے اسلاف کے تدبر، عزم، استقامت اور قربانیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مسلح افواج ملک کی خودمختاری کے دفاع کےلیے پرعزم ہیں۔آپریشن بنیانِ المرصوص میں مسلح افواج نے دشمن کو دندان شکن جواب دیا۔آپریشن غضبِ للحق میں طالبان غاصب ٹولےکوجارحیت کابھرپورجواب دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر اور ایڈمرل نوید اشرف نے یوم پاکستان پر خصوصی پیغامات جاری کیے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قیادت نے کہا 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ میں اہم اورفیصلہ کن لمحےکی حیثیت رکھتا ہے ۔ مسلح افواج قومی خود مختاری کے تحفظ اورہرقسم کی جارحیت کے سامنے سینہ سپر ہیں ۔


