loader image

Latest News & Article

Post: ایران کی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش، 100 زخمی ، نیتن یاہو کے دانتوں پر پسینہ

ایران کی اسرائیل پر میزائلوں کی بارش، 100 زخمی ، نیتن یاہو کے دانتوں پر پسینہ

تہران: ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کے 23 ویں روز بھی جنگ کی شدت برقرار ہے۔ اسرائیل نے تہران کے مختلف علاقوں پر تازہ حملے کیے، جن میں شہر کے مشرقی حصے میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ان حملوں میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ایران نے بھی جواب میں اسرائیل اورخطے کے دیگر ممالک پر میزائل حملے جاری رکھے۔ اسرائیلی شہروں دیمونا اور عراد میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے۔

ایرانی حکام نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تہران کی فضاؤں میں ایک امریکی اسرائیلی ڈرون کو مار گرایا، جبکہ پاسداران انقلاب نے ایک اسرائیلی لڑاکا طیارہ گرانے کا بھی دعویٰ کیا۔ایران کے جوہری ادارے کے مطابق نطنز میں جوہری تنصیبات کو امریکا اور اسرائیل نے نشانہ بنایا، تاہم عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ کسی قسم کی تابکاری خارج ہونے کے شواہد نہیں ملے۔

ایرانی وزارت صحت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک 1500 سے زائد افراد جاں بحق اور 20 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ متعدد اسپتالوں کو بھی خالی کرانا پڑا۔ خلیجی ممالک میں بھی صورتحال کشیدہ ہے۔ سعودی عربیہ نے درجنوں ایرانی ڈرونز اور میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا، جبکہ بحرین نے بھی سیکڑوں حملے ناکام بنانے کی اطلاع دی ہے۔ ادھر قطر میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے بعد ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

اسرائیل میں ایرانی حملوں کے بعد ہنگامی اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے صورتحال کو ’انتہائی مشکل‘ قرار دیتے ہوئے ریسکیو اداروں کو مزید مضبوط کرنے کی ہدایت دی ہے۔اسرائیلی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے بند کر دیے ہیں جبکہ جنوبی علاقوں میں اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق جنگ کے پھیلاؤ اور توانائی تنصیبات پر حملوں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے، جس کے باعث معاشی اثرات بھی سامنے آسکتے ہیں۔

Share this post :

Facebook
Twitter
LinkedIn