اسلام آباد : ملک کے مختلف حصوں میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا اورکشمیرمیں رم جھم ، بلوچستان اور سندھ میں بھی بادل برس پڑے۔ محکمہ موسمیات نے ژالہ باری اورآسمانی بجلی گرنے کا الرٹ جاری کردیا ۔
مغربی ہواوں زیر اثر ہونے والی بارشوں اور برف باری کے بعد موسم ایک دم سرد ہو گیا ۔ بھیگے موسم کے باعث عید بھی ٹھنڈی گزرے کا امکان ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں لاہور، شیخو پورہ ، ننکانہ صاحب ، حافظ آباد ، اوکاڑہ ، ڈیرہ غازی خاں ، کوٹ ادو میں بارش ہوئی ۔ اسلام آباد میں بھی ابھی ابرکرم مہربان رہا ۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور ، اٹک، سوات، ڈی آئی خان میں بادل جم کر برسے، بلوچستان کے مقام خضدار میں35ملی میٹر بارش ہوئی کراچی سمیت سندھ کے دیگر مقامات پر تیز ہواوں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے ۔
کشمیراورگلگت بلتستان میں دوسرے روز بھی برف باری ،وادی نیلم،لیپہ ، پیر چناسی اور برف پوش مکڑا پہاڑ کے نظارے دلکش ہو گئے ۔ خیبر پختونخوا کے مقام پارہ چنار میں چوٹیاں برف سے ڈھک گئیں ۔ محکمہ موسمیات نے ژالہ باری، آسمانی بجلی گرنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے بالائی حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ میدانی علاقوں میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے خدشہ ہے ۔


