کراچی:سندھ رینجرزنے خفیہ معلومات پر کراچی کے علاقے گلشن حدید سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ”ماکھا گینگ” کے تین ملزموں کو گرفتارکرلیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزموں حفیظ ، علی حسن اورزوہیب ستوکے قبضے سے 3 موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی گئی۔
ترجمان رینجرز نے بتایا کہ گرفتار ملزم ساتھیوں کے ہمراہ شاہ ٹاون ، پپری ، گھگھرپھاٹک ، گلشن حدید اور اطراف کے علاقوں اسلحے کے زورپرموبائل فون اورنقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملزم زوہیب ڈکیتی اوراسٹریٹ کرائمز کے لیے پستول کرائے پربھی دیتا تھا ۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ ہیں ۔ ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں متعدد ایف آئی آرز درج ہیں۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ سامان کے ساتھ علاقہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


