چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سیکریٹری کمیٹی کا اجلاس اجلاس میں سندھ کابینہ کے جامع کفایت شعاری اور پیٹرول بچاؤ منصوبے کے متعلق اصلاحات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پلاننگ، سینیئر میمبر بورڈ آف روینیو، چیئرمین اینٹی کرپشن سمیت تمام محکموں کے سیکریٹری اور کمشنر شریک تھے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت دی کہ سرکاری گاڑیوں کے پیٹرول کوٹے میں 50 فیصد کمی کی جائے اور تمام غیر ضروری گاڑیاں فوری گراؤنڈ کی جائیں۔ آصف حیدر شاہ نے اعلان کیا کہ سندھ میں 4 روزہ ورک ویک ہوگا اور سرکاری دفاتر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔ اعلیٰ سرکاری افسران کی دو دن کی تنخواہ رضاکارانہ طور پر کاٹی جائے گی۔ سرکاری محکموں میں نئی گاڑیوں اور قیمتی اشیاء کی خریداری پر جون 2026 تک مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سرکاری دفاتر میں 50 فیصد عملے کو ورک فرام ہوم کے تحت کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ سرکاری سطح پر افطار پارٹیوں اور ڈنر پر پابندی ہوگی اور اجلاس اب صرف ویڈیو لنک کے ذریعے ہوں گے۔ چیف سیکریٹری سندھ نے تمام سیکریٹریوں کو ہدایت دی کہ ان کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔


