احمد آباد : میزبان اور دفاعی چیمپئن بھارت نے ٹی 20 ورلڈ کپ لگاتار دوسری بار ٹرافی جیت لی ۔ فائنل میں نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے دی ۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت سب سے زیادہ 3 ٹی20 ورلڈکپ اور ہوم گراؤنڈ پرٹی 20ورلڈکپ جیتنے والی بھی پہلی ٹیم بن گئی۔
احمد آباد میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں نیوزی لینڈ کے کپتان سینٹنر نے ٹاس جیتا اورفیلڈنگ کو ترجیح دی ۔ بھارتی اوپنرزسنجو سیمسن اور ابھیشیک شرما نے حارحانہ کھیلتے ہوئے98 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جس میں بائیں ہاتھ کے بلے باز ابھیشیک نے 18 رنز پر ففٹی بنائی اور 52 رنز کی باری کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ یہ ورلڈ کپ میں تیز ترین ففٹی بھی ہے ۔ سنجو سیمن 89 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ ایشان کشن نے صرف 25 گیندوں پر 54 رنز بنائے۔ آخر میں شیون دوبے نے 8 گیندوں پر 26 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، ہاردک پانڈیا 18 اور تلک ورما نے 8 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان سوریا کماریادیو پہلی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے 46رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ راچن رویندرا اور میٹ ہنری ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
بھارت کے 256 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیویز کی پوری ٹیم 159 رنز پرڈھیر ہوگئی ۔ نیوزی لینڈ کی جانب ٹم سائفرٹ نے 52 اور کپتان مچل سینٹنر نے 43 رنز کے ساتھ مزاحمت کی کوشش کی تاہم بھارت کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ٹیم کو فتح نہ دلواسکے۔جسپریت بمرا 4وکٹیں حاصل کرکے فائنل کے ہیرو قرار پائے جب کہ سنجو سیمسن 5اننگز میں 321 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بنے۔


