تہران/ تل ابیب: مشرق وسطیٰ جنگ کے نویں روز ایران اور اسرائیل کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کا سسلسلہ جاری ہے ۔ ایرانی میڈیا کے مطابق تہران سے اسرائیل کے مختلف علاقوں کی جانب میزائل داغے گئے اورمتعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل نے بھی مغربی تہران کے علاقے کرج میں واقع تیل کے ڈپو پر بمباری کی۔عرب میڈیا کے مطابق کوہاک اور شہرَان کے علاقوں میں بھی تین آئل ڈپوؤں کو نشانہ بنایا گیا جس کے بعد بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی۔
ادھرپاسداران انقلاب نے 24 گھنٹے کے دوران 200 امریکی فوجی ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ اپنے بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا کہ 21 امریکی بحرین میں نیول اڈے پر مارے گئے ہیں۔ تہران ریفائنری پر حملے کے بعد حیفا ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا اور امریکی تیل کے جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اس سے پہلے ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہُرمز میں مارشل آئی لینڈ کے پرچم والے ٹینکر کو نشانہ بنایا۔ پاسداران انقلاب نے کہا کہ اس کی فورسز نے خلیج میں مارشل آئی لینڈز کے پرچم والے آئل ٹینکر کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب ایرانی ڈرون دبئی مرینا کے ایک ٹاور سے ٹکرا گیا ۔ دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون ٹکرانے کے بعد عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ ملبہ گرنے سے ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہو گیا۔ عراق کے شہر اربیل میں ایک اور امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق کرد عراق میں اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور علاقے میں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔


