ریاض: چیف آف آرمی اسٹاف،چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کا اہم دورہ کیا ہے ۔ جہاں انہوں نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں ایران کی جانب سے سعودی عرب پرڈرون اورمیزائل حملوں کے بعد پیدا ہونے والی سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں کشیدگی اور سلامتی کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے اس امر پر زور دیا کہ اشتعال انگیزی اور بلااشتعال جارحیت خطے کے امن اور استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ملاقات میں اسٹریٹیجک میوچل ڈیفنس ایگریمنٹ کے فریم ورک کے تحت مشترکہ اقدامات پربھی غور کیا گیا۔ یہ اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کےلیے قریبی تعاون اور رابطہ جاری رکھا جائے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب نے امید ظاہر کی کہ برادر ملک ایران دانشمندی اور احتیاط کا مظاہرہ کرے گا۔ دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی غلط اندازے یا غلط قدم سے خطے کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے بحران کے پرامن حل کے لیے دوست ممالک کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔


