پاکستان سپر لیگ (PSL) کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے اعلان کیا ہے کہ سیالکوٹ اسٹالینز کا نام باضابطہ طور پر تبدیل کر کے ملتان سلطانز رکھ دیا گیا ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ٹیم کے نئے سی ای او گوہر شاہ کی جانب سے نام کی تبدیلی کی درخواست دی گئی تھی جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ سلمان نصیر کے مطابق گوہر شاہ نے اس سے قبل ملتان سلطانز کی ٹیم حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اس وقت یہ نام دستیاب نہیں تھا، اس لیے انہوں نے سیالکوٹ کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کے عمل میں ٹیموں کو نام تبدیل کرنے کا اختیار دیا جاتا ہے، چاہے وہ چھ فراہم کردہ ناموں کے علاوہ کوئی اور نام ہی کیوں نہ ہو۔ نئے انتظامیہ کے آتے ہی نام کی تبدیلی کے لیے شرائط اور ایک مرتبہ ادا کی جانے والی لائسنس فیس پر بات چیت کے بعد منظوری دی گئی۔ سلمان نصیر نے مزید بتایا کہ ٹیم کی سالانہ فرنچائز فیس 1.85 ارب روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر گوہر شاہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کی نمائندگی دوبارہ لیگ میں شامل ہو گئی ہے، اور مزاحیہ انداز میں کہا کہ “ایک اسٹالین اکیلا HBL PSL کو نہیں ہرا سکتا، اسے ایک سلطان کی ضرورت ہوتی ہے۔” یاد رہے کہ جنوری میں ہونے والی نیلامی میں او زیڈ ڈیولپرز نے 1.85 ارب روپے کی بلند ترین بولی دے کر سیالکوٹ کی فرنچائز حاصل کی تھی۔

