اسلام آباد: خلیج میں جاری کشیدگی کے تناظر میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے عمان، کویت اور شام کی قیادت سے رابطے کر ک خطے میں امن کی بحالی کے لیے سفارتکاری کو ناگزیر قرار دیا۔ سلطان ہیثم بن طارق سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے ایسے وقت میں ہوئے جب عمان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ کم کرنے کی کوششیں جاری تھیں، تاہم حالیہ پیش رفت نے اس نازک عمل کو متاثر کیا اور مکالمے کی فضا کو نقصان پہنچایا۔ وزیرِاعظم نے زور دیا کہ مزید کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے سفارتی عمل کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کویت کے ولی عہد صباح الخالد الحمد الصباح سے بھی بات چیت میں جانی نقصان پر افسوس اور کویت سے یکجہتی کا اظہار کیا اور خلیجی ممالک کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا۔ اسی سلسلے میں شام کے صدر احمد الشرع سے گفتگو میں بھی علاقائی امن و استحکام کے لیے تحمل، بات چیت اور تعاون کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا، جبکہ افغانستان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

