امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور قونصل خانے لاہور اور کراچی نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جمعہ 6 مارچ تک تمام ویزا اپائنٹمنٹس منسوخ کر دی ہیں اور اعلان کیا ہے کہ اس دوران معمول کی ویزا سروسز معطل رہیں گی، جبکہ متاثرہ درخواست گزاروں کو نئی تاریخ کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ سفارتخانے نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے اور درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ذرائع سے تازہ معلومات حاصل کرتے رہیں۔ اس سے قبل یکم مارچ کے سیکیورٹی الرٹ میں لاہور اور کراچی میں امریکی قونصل خانوں کے باہر مظاہروں اور اسلام آباد و پشاور میں ممکنہ احتجاج کی اطلاعات کا ذکر کیا گیا تھا، جس کے بعد امریکی عملے کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی۔ اتوار کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے پھوٹ پڑے، کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر جھڑپوں میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہوئے، جبکہ اسلام آباد، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی احتجاج اور تصادم کی اطلاعات ملیں، اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ کر کے ریڈ زون جانے والے راستے بند کر دیے گئے۔

