اسلام آباد: حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو آگاہ کیا ہے کہ جون 2026 تک نئے پبلک پروکیورمنٹ قواعد نافذ کیے جائیں گے جن کے تحت سرکاری اداروں (SOEs) کو دی جانے والی خصوصی رعایتیں ختم کر کے خریداری کے نظام میں یکساں مسابقت کو یقینی بنایا جائے گا۔ نئے قواعد کے مطابق 2 ارب روپے سے زائد کی خریداری کیلئے لازمی تھرڈ پارٹی جانچ جبکہ 50 کروڑ سے 2 ارب روپے تک کے معاہدوں کیلئے آزادانہ توثیق ضروری ہوگی، ساتھ ہی شکایات کے ازالے اور معائنہ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔ حکومت تمام خریداری عمل کو مرحلہ وار ای گورنمنٹ پروکیورمنٹ اینڈ ڈسپوزل سسٹم (EPADS) پر منتقل کرے گی اور اسے ٹیکس، آڈٹ اور نادرا سمیت مختلف ڈیٹا بیسز سے 2027 تک منسلک کیا جائے گا، جبکہ اصلاحات کا مقصد شفافیت، احتساب اور بدعنوانی کے امکانات کو کم کرنا ہے۔


