اسلام آباد: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس ایئرپورٹ بن گیا ہے، جہاں اب ٹکٹنگ، کار پارکنگ، فوڈ آؤٹ لیٹس، ریٹیل شاپس اور ڈیوٹی فری اسٹورز سمیت تمام ادائیگیاں صرف ڈیجیٹل طریقوں سے کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق مسافر اب ڈیجیٹل والٹس، کیو آر کوڈز، موبائل بینکنگ، ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے ذریعے ادائیگی کر سکیں گے، جس کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور مسافروں کی سہولت میں اضافہ ہے۔ ایئرپورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی نے بتایا کہ گمشدہ سامان کی دنیا بھر سے ٹریکنگ کے لیے جدید موبائل ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ایئرپورٹ کی بین الاقوامی درجہ بندی بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو نجکاری پروگرام میں شامل کیا تھا، جو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی نجکاری کے عمل کا حصہ ہے۔


