ایران کے وسطی صوبے اصفہان میں منگل کے روز ایرانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر پھلوں کی مارکیٹ پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ، شریک پائلٹ اور زمین پر موجود دو تاجر جاں بحق ہوگئے۔ سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق حادثہ شہر درچہ میں پیش آیا جہاں ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد آگ بھڑک اٹھی جسے ریسکیو ٹیموں نے قابو میں لے لیا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ فنی خرابی قرار دی گئی ہے۔ پابندیوں کے باعث ایران کو طیاروں کے پرزہ جات کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے سبب ملک میں فضائی حادثات کی شرح زیادہ رہی ہے، اور ماہرین کے مطابق 1979 کے اسلامی انقلاب سے قبل خریدے گئے پرانے طیاروں کی دیکھ بھال میں مسائل بھی حادثات کی ایک بڑی وجہ ہیں، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی صوبہ ہمدان میں تربیتی پرواز کے دوران ایرانی فضائیہ کا امریکی ساختہ ایف-4 طیارہ گرنے سے ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔


