عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے اور دھات کی قیمت تین ہفتوں کی بلند ترین سطح پ پہنچ گئی، جس کی بڑی وجہ امریکا میں ٹیرف سے متعلق فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی معاشی غیر یقینی صورتحال قرار دی جا رہی ہے۔
معاشی رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں نے عالمی تجارتی خدشات اور ممکنہ معاشی دباؤ کے باعث محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجوع کیا، جس کے نتیجے میں سونے کی طلب میں اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق جب عالمی معیشت میں بے یقینی بڑھتی ہے تو سرمایہ کار عموماً سونے کو محفوظ اثاثہ سمجھتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری بڑھا دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی تجارتی پالیسی اور ٹیرف سے متعلق حالیہ پیش رفت نے عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ پیدا کیا، جس کے باعث ڈالر اور اسٹاک مارکیٹس پر بھی دباؤ دیکھا گیا جبکہ سونے کی قیمتوں کو سہارا ملا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی تجارتی کشیدگی برقرار رہی اور معاشی خدشات میں اضافہ ہوا تو سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ دوسری جانب سرمایہ کار اب امریکی معاشی پالیسیوں اور آئندہ فیصلوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جو عالمی منڈیوں کی سمت کا تعین کریں گے۔


